کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت سامان کی ٹرانسپورٹیشن فوری طور پر روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے بعد کراچی کی بندرگاہوں پر موجود تمام ٹرمینلز نے گاڑیوں پر لوڈ کنٹینرز کو آف لوڈ کرنا شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے حکم کے بعد افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تمام گیٹ پاس منسوخ کر دیے گئے ہیں، جبکہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر کلیئرنس کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ نئی ہدایات تک نافذ العمل رہے گا۔
کسٹمز ہاؤس کراچی میں ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کے ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں کوئٹہ اور پشاور کے کسٹمز حکام نے بھی آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کے بعد کسٹمز جنرل آرڈر 98/2025 جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ کوئٹہ اور پشاور کسٹمز اسٹیشنز پر مزید کنٹینرز کھڑے کرنے کی گنجائش ختم ہو چکی ہے، اسی وجہ سے ٹرانسپورٹیشن کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کیا جا رہا ہے۔
حکم نامے کے بعد کراچی کے ٹرمینلز پر افغان ٹرانزٹ کے لوڈ شدہ کنٹینرز آف لوڈ کیے جا رہے ہیں۔ کسٹمز ذرائع کے مطابق ایس اے پی ٹی پر درجنوں ٹرک کنٹینرز کے ساتھ کھڑے ہیں، جب کہ متعدد گاڑیاں کوئٹہ اور پشاور کے راستوں میں بارڈر کھلنے کے منتظر ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos