ٹرمپ کا 7 طیارے گرنے کا نیا بیان، شہباز شریف کی تعریف

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے ہاتھوں بھارت کے 7 طیارے گرنے کا ذکر کیا ہے۔

اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اب تک 8 جنگیں رکوا چکے ہیں، اور ایک موقع پر بھارت اور پاکستان جوہری جنگ کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔ ٹرمپ کے مطابق اُس وقت پاک بھارت جنگ میں 7 بھارتی طیارے گرائے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے کہا تھا کہ "آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائی ہیں”، جو ممکنہ ایٹمی تصادم کی جانب اشارہ تھا جو دونوں ممالک کے درمیان چھڑنے کے قریب تھا۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں بال روم پروجیکٹ کے عشائیے سے خطاب کے دوران بھی پاک بھارت جنگ رکوانے کا ذکر کیا اور کہا کہ انہیں جنگیں روکنا پسند ہے اور وہ تجارت کو بطور ذریعہ امن کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ “میں نے 8 ماہ میں 8 جنگیں رکوا دیں، مگر پھر بھی نوبیل انعام نہیں ملا، شاید اگلا سال بہتر ہو۔”

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔