اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہر انسان کو محفوظ، سستی اور مساوی خوراک تک رسائی حاصل ہونی چاہیے کیونکہ غذائی تحفظ حکومت ہی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر کا کہنا تھا کہ دنیا 1979 سے ہر سال 16 اکتوبر کو یہ دن مناتی ہے، اور اس سال کا موضوع "بہتر خوراک، بہتر مستقبل کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ” رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت معیشت کی بنیاد ہے اور کروڑوں افراد کا روزگار اس سے جڑا ہے۔ تاہم موسمیاتی تبدیلی، سیلاب اور مہنگائی خوراک کی فراہمی پر منفی اثر ڈال رہے ہیں، جس کے باعث کئی خاندان صحت مند خوراک برداشت نہیں کر سکتے۔
صدر آصف زرداری نے بچوں میں غذائی قلت کو تشویشناک مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت موسمیاتی لحاظ سے موزوں کاشت کاری، بہتر آبی و زمینی انتظام اور خوراک کی فراہمی کے نظام کو مؤثر بنانے پر کام کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کے لیے ریلیف اقدامات جاری ہیں جبکہ خوراک کے ضیاع کی روک تھام اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
صدرِ مملکت نے عزم ظاہر کیا کہ "ہمیں ایسا نظام تشکیل دینا ہے جہاں کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے اور ہر گھر میں خوراک پہنچے۔”
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos