اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال، علاقائی چیلنجز، اور معاشی و قانونی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ ارکان نے دہشتگردی کی ہر شکل و صورت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کو حالیہ بیرونی دوروں، بین الاقوامی ملاقاتوں اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے افغانستان سے درپیش سیکیورٹی خدشات، فتنہ الہندوستان اور خوارج کی سرگرمیوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ ارکان نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
اجلاس میں بین الحکومتی تجارتی معاملات، اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹیکنیکل و ووکیشنل ایجوکیشن سے متعلق ایجنڈوں پر بھی غور کیا گیا۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے تین اجلاسوں کے فیصلوں اور ریگولیٹری ریفارمز سے متعلق سفارشات کی توثیق بھی کی گئی۔
وزارتِ توانائی کی جانب سے پاور سیکٹر میں اصلاحات پر پیش کی گئی رپورٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos