چین،کرپشن الزامات،9 سینئر جرنیل فوج اور پارٹی سے برطرف

بیجنگ: چین میں کمیونسٹ پارٹی نے کرپشن کے الزامات کے تحت فوج کے 9 اعلیٰ جرنیلوں کو پارٹی اور فوج دونوں سے برطرف کر دیا ہے۔

چین کی وزارت دفاع کے مطابق برطرف کیے گئے جرنیلوں میں زیادہ تر سینئر جنرل اور پارٹی کی فیصلہ ساز مرکزی کمیٹی کے اراکین شامل تھے، جن پر سنگین مالیاتی جرائم کا شبہ تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کو بدعنوانی کے خلاف مہم کا حصہ قرار دیا گیا ہے، تاہم مغربی تجزیہ کار اسے سیاسی اقدام کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں۔

چین کے فوجی جرنیلوں میں سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین ہی ویڈونگ اور راکٹ فورس کے کمانڈر وانگ ہوبن بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائی پارٹی کے کنونشن سے قبل ہوئی، جہاں مرکزی کمیٹی ملک کی اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر بحث کرے گی اور نئے اراکین کا انتخاب کرے گی۔

ہی ویڈونگ چینی فوج میں دوسرے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز تھے، اور مارچ کے بعد عوامی طور پر نظر نہیں آئے تھے، جس سے قیاس آرائیاں پیدا ہوئیں کہ وہ فوج کے اعلیٰ افسروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت زیر تفتیش ہیں۔

وزارت دفاع نے بتایا کہ ان نو افراد نے پارٹی ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی کی اور بڑی رقم خردبرد کرنے سمیت دیگر سنگین الزامات کے مرتکب ہوئے۔