ممبئی: بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم دنگل سے شہرت حاصل کرنے والی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم نے اچانک نکاح کرلیا اور اپنی خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
انسٹاگرام پر زائرہ وسیم نے نکاح کی تصاویر جاری کیں، جن میں وہ سرخ رنگ کے گولڈن کڑھائی والے عروسی لباس میں دِلکش انداز میں نظر آئیں جبکہ ان کے شوہر کو آف وائٹ کلر کی قمیض شلوار اور ہم رنگ شال کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ دوسری تصویر میں زائرہ وسیم مہندی لگے ہاتھوں سے نکاح نامے پر دستخط کرتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔
سابقہ چائلڈ اسٹار نے اپنی پوسٹ میں ‘قبول ہے’ لکھا، لیکن شوہر کے بارے میں کوئی تفصیلات یا نام ظاہر نہیں کیا۔ تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے زائرہ وسیم کی نئی زندگی کے آغاز پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے 2019 میں مذہبی بنیادوں پر فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ فلمی کیرئیر میں عزت اور شہرت ملی، لیکن اس کی وجہ سے مذہب سے دور ہورہی تھیں اور زندگی سے برکت ختم ہورہی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos