ُپکتیکا میں بمباری کے دعوؤں کے باوجود پاکستان سے مذاکرات کا طالبان اعلان

کابل: اسلامی امارتِ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی ہے کہ جیسا کہ وعدہ کیا گیا تھا، آج دوحہ میں پاکستان کے فریق کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق، اسلامی امارت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد، جس کی قیادت معزز وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں، آج دوحہ روانہ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب، ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ گزشتہ شب پاکستانی فوجیوں نے ایک مرتبہ پھر صوبہ پکتیکا میں شہری علاقوں پر فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

اسلامی امارت نے ان حملوں کو "جرم اور سرحدی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائیاں اشتعال انگیزی اور جنگ کو دراز کرنے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی امارت اپنے دفاع کے حق کو محفوظ رکھتی ہے، تاہم مذاکراتی وفد کے احترام اور وقار کے پیش نظر مجاہدین سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی نئی کارروائی یا آپریشن سے فی الحال گریز کریں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے واضح کیا کہ افغانستان پُرامن حل اور علاقائی استحکام پر یقین رکھتا ہے، لیکن حالیہ واقعات پاکستان کی جانب سے سرحدی تجاوزات کے نتیجے میں پیش آئے ہیں۔