دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات شروع

دوحہ، پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ ان مذاکرات کی میزبانی قطری انٹیلی جنس کے سربراہ عبداللّٰہ بن محمد الخلیفہ کر رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ دفاع خواجہ آصف کر رہے ہیں، جبکہ افغانستان کی نمائندگی وزیرِ دفاع ملا یعقوب مجاہد کر رہے ہیں۔ دونوں وفود کے ہمراہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کا بنیادی ایجنڈا افغان سرزمین سے دہشت گرد گروہوں کی دراندازی کا مسئلہ ہے۔ مذاکرات میں اس موضوع پر جامع تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق افغان انٹیلی جنس چیف بھی ملا یعقوب کے ہمراہ وفد کا حصہ ہیں۔
قطر کی جانب سے یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سرحدی سیکیورٹی کے استحکام کے مقصد سے کرائے جا رہے ہیں۔