پاکستان میں سہ ملکی سیریز کا نیا شیڈول، افغانستان کی جگہ زمبابوے شامل

لاہور: افغانستان کرکٹ بورڈ کے انکار کے بعد زمبابوے نے پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے نومبر میں شیڈول سہ ملکی سیریز میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متبادل کے طور پر زمبابوے سے رابطہ کیا، جس نے سیریز میں شرکت کی تصدیق کردی۔

پی سی بی کے مطابق سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول کے مطابق کھیلی جائے گی۔ افتتاحی میچ 17 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان راولپنڈی میں ہوگا، جب کہ زمبابوے اور سری لنکا کا مقابلہ 19 نومبر کو شیڈول ہے۔

سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی طرز میں مدمقابل ہوں گی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کو بہترین اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔