پیپلز پارٹی نے حکومت کو وعدوں پر عمل کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی
کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت بلاول ہاؤس کراچی میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی حکومت کو اتحادی وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ایک ماہ کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، جب کہ سانحۂ کارساز کے شہدا سمیت جمہوریت کے تمام قربانی دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف مؤقف اپنایا اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کسی قسم کی وزارت یا مراعات نہیں مانگیں، صرف وعدوں پر عمل کا مطالبہ کیا ہے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ پارٹی کو گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے اور وہاں سیاسی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے فوری امداد اور کاشتکاروں کو گندم کا مناسب نرخ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
سینیٹر ندیم افضل چن نے کہا کہ بجلی کی مہنگائی سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں، وفاقی حکومت کو عوامی مسائل کے حل پر فوری توجہ دینی ہوگی۔
اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سرفراز بگٹی، فیصل کریم کنڈی، راجہ پرویز اشرف، رضا ربانی، اعتزاز احسن، فاروق ایچ نائیک، سید قائم علی شاہ، مرتضیٰ وہاب، سعید غنی، منظور وسان اور عبدالقادر پٹیل سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos