ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر

کولمبو: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کولمبو میں کھیلا جانے والا میچ بارش سے کئی بار متاثر ہوا۔ پہلے مقابلے کو 46 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، بعد ازاں بارش نہ رکنے پر اسے مزید کم کرکے 36 اوورز کر دیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے 25 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی۔

مسلسل بارش کے باعث کھیل دوبارہ شروع نہ ہوسکا، جس کے بعد امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔