آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رکن پر پیکا ایکٹ مقدمہ درج

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پلندری (سندھوتی) آزاد کشمیر کے رہائشی امان ادریس کے خلاف ریاست مخالف مواد پھیلانے کے الزام میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کی دفعات 9، 10، 11 اور 26-اے کے تحت درج کیا گیا ہے۔

الزامات کے مطابق ملزم نے فیس بک، ٹویٹر اور ٹک ٹاک پر ریاستی اداروں، بالخصوص پاک فوج اور سرکاری افسران کے خلاف منفی اور اشتعال انگیز مواد پھیلایا۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ امان ادریس نے عوامی تقریروں میں ریاستی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی، جبکہ فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز بیانات کے ذریعے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی۔

ایجنسی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نشر کیا گیا تمام مواد تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا ہے، جو امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بنا۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سردار امان ادریس آزاد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سرگرم رکن ہیں، جبکہ سائبر کرائم ایجنسی نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور دیگر گرفتاریوں کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔