کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان اسمبلی کے رکن رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ جاں بحق ہو گئے۔
ایس پی پنجگور کے مطابق واقعہ پنجگور کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ولید صالح بلوچ کو ان کے گھر کے سامنے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر مکران ڈویژن اور ڈی آئی جی مکران سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے ولید صالح بلوچ کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق ولید صالح کے لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
نیشنل پارٹی کا تین روزہ سوگ کا اعلان
نیشنل پارٹی نے پارٹی کے رہنما رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی کے ایک اعلامےہ کے مطابق ولید صالح بلوچ کی شادی کی تقریبات جاری تھیں مگر اس کے قتل کے واقعے نے خوشیوں کے گھر کوماتم میں بدل دیا۔
نیشنل پارٹی نے ولید صالح بلوچ کے قتل امن، عدم تشدد اور سیاسی اقدار کے علمبردار خاندان پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔
نیشنل پارٹی کے اعلامیے میں الزام لگایا گیا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امن دشمن عناصر بلوچستان میں ترقی اور استحکام کے مخالف ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos