پاکستان جنوبی افریقہ آخری ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا

راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے اور وہ وائٹ واش کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس سیشن کیے۔ پاکستانی بیٹرز نے اسپنرز کے خلاف سوئپ اور ریورس سوئپ شاٹس پر خصوصی توجہ دی، جبکہ بولرز نے لائن اور لینتھ میں بہتری کے لیے طویل سیشنز کیے۔

ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ “ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “لاہور کی پچ بیٹنگ اور بولنگ دونوں کے لیے سازگار تھی، راولپنڈی ٹیسٹ کی فائنل الیون کا فیصلہ ٹاس سے پہلے کریں گے۔”

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ پاکستانی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے، “پنڈی میں بھی نعمان علی اور ساجد خان کا چیلنج درپیش ہوگا، خوشی ہے کہ کیشو مہاراج فٹ ہیں اور وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔”

میچ سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں نے راولپنڈی میں ٹریننگ کے بعد اسلام آباد کے ایک شاپنگ مال میں وقت گزارا۔ کھلاڑیوں نے پاکستانی ثقافتی اشیا میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور مختلف یادگاری اشیا بھی خریدیں۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔