لاہور ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان ملاقات میں صوبے میں امن و امان، حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور فتنۃ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک افغان سرحدی صورتِ حال اور متاثرہ اضلاع میں سیکورٹی کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پولیس ٹریننگ سینٹر اور نادرا آفس ڈی آئی خان پر ہونے والے حملوں میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور متاثرہ عمارتوں کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات مندی کو سراہا اور کہا کہ فتنۃ الہندوستان جیسے عناصر ملک کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں ،ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے لوگ امن کے داعی ہیں اور ترقی و خوشحالی کے لیے امن ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک و قوم کے دشمن عناصر کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز ناگزیر ہیں اور صوبائی و وفاقی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت نے بھی صوبے کو انسداد دہشت گردی میں بھرپور تعاون فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos