فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اپنے سیاسی مخالفین کو "دہشت گرد” قرار دیتا ہے،افغان وزیر دفاع کی ہرزہ سرائی

دوحہ: افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر دفاع  ملا یقعوب نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ "دہشت گرد”کی  کبھی واضح تعریف نہیں کی گئی، پاکستان اپنے سیاسی مخالفین کو "دہشت گرد” قرار دیتا ہے۔

الجزیرہ کو دیے گئے ایک  انٹرویو میں مولوی محمد یعقوب مجاہد نے کہا کہ  کابل اسلام آباد کے ساتھ اچھی ہمسائیگی اور تجارت میں توسیع کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے۔افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی سے کسی  فریق کیلیے  فائدہ مند نہیں، کابل تمام  چیلنجز کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

مولوی محمد یعقوب نے  کہاکہ  تمام فریقین کو معاہدے کی ہر شق پر پابند رہنا چاہیے۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ  پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک کے خلاف مسلح گروہوں کی حمایت کرنا امارت اسلامیہ افغانستان کی کبھی پالیسی نہیں رہی ۔

افغان وزیر دفاع نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاکہ  "دہشت گرد”کی  کبھی واضح تعریف نہیں کی گئی، پاکستان اپنے سیاسی مخالفین کو "دہشت گرد” قرار دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "افغانستان اور پاکستان پڑوسی ممالک ہیں، ان کے درمیان کشیدگی کسی کے کام نہیں آتی۔ ان کے تعلقات کی بنیاد باہمی احترام اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں پر ہونی چاہیے۔”

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوحہ معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں معاہدے پر عملدرآمد اور نگرانی کے طریقہ کار پر بات کی جائے گی۔

ملا یعقوب نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کو معاہدے کی ہر شق پر پابند رہنا چاہیے،کابل شرائط پر پوری طرح پابند ہے ،اگر پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا تو اس سے مسائل پیدا ہوں گے۔

انہوں نے ثالثی کرنے والے ممالک جیسے ترکی اور قطر سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد میں مدد کریں۔

افغانستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی میں بھارت کے مبینہ کردار سے متعلق سوال کے جواب میں افغان وزیر دفاع نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ الزامات بے بنیاد ہی، ہماری پالیسی میں کبھی بھی اپنی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنا شامل نہیں۔ ہم ایک آزاد ملک کے طور پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھتے ہیں اور اپنے قومی مفادات کے دائرے میں ان تعلقات کو مضبوط کریں گے۔ ساتھ ہی، ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اچھی ہمسائیگی کی بنیاد پر برقرار رکھیں گے، ہمارا مقصد تعلقات کو بڑھانا ہے، کشیدگی پیدا کرنا نہیں۔

مولوی محمد یعقوب  نے مزید  کہاکہ  اگر کوئی ملک افغانستان پر حملہ آور ہوتا ہے تو وہ "بہادری سے” اپنی سرزمین کا دفاع کریں گے،اس حوالے سے افغانوں کی اپنے وطن کے دفاع کی ایک طویل تاریخ ہے۔