تمام ممالک فوری طور پر ایمرجنسی وارننگ سسٹمز قائم کریں،اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے دنیا بھر کو خبردار کرتے ہوئے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایمرجنسی وارننگ سسٹمز قائم کریں تاکہ قدرتی آفات سے انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

عالمی ادارے کے مطابق گزشتہ پچاس برسوں میں موسم اور پانی سے جڑے خطرات کے باعث دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 90 فیصد کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔

یو این کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے نصف ممالک کے پاس ابھی تک شدید موسم کی پیشگی وارننگ کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جس کے باعث لاکھوں افراد خطرناک موسمی حالات میں غیر محفوظ ہیں۔

ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق جن ممالک میں وارننگ سسٹم موجود نہیں، وہاں قدرتی آفات کے باعث اموات کی شرح چھ گنا زیادہ ہے۔

اقوام متحدہ نے نائجیریا اور جنوبی کوریا میں تباہ کن سیلاب، جبکہ جنوبی یورپ اور امریکا میں جنگلاتی آگ کے واقعات کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات کی مثال قرار دیا ہے۔

ادارے نے عالمی سطح پر موسمیاتی مانیٹرنگ اور پیشگوئی کے نظام میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 108 ممالک میں وارننگ سسٹم فعال ہیں، تاہم اب بھی درجنوں ممالک صرف بنیادی صلاحیت رکھتے ہیں۔