ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقے خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، کوہستان، سوات، مالاکنڈ اور کرم میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں سرد رہا۔

ادھر کراچی میں خشک موسم اور ہوا میں گرد کے باعث دمہ، الرجی، بخار اور سانس کے امراض میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صفائی کی ناقص صورتحال اور کچرا جلانے سے فضا مزید آلودہ ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔