چینی صدر کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں، بہتر تعلقات چاہتا ہوں،صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور چین کے ساتھ اچھے اور مستحکم تعلقات چاہتے ہیں۔

ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان معاملات درست سمت میں رہیں گے اور ان کا خیال ہے کہ چین تائیوان پر حملہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ آئندہ سال کے شروع میں وہ چین کا دورہ کریں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح چین کے ساتھ منصفانہ تجارتی معاہدوں تک پہنچنا ہے اور توقع ظاہر کی کہ اسی ماہ کے آخر میں وہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ جنوبی کوریا میں ممکنہ تجارتی معاہدے پر پیش رفت دیکھیں گے۔

غزہ کے معاملات پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس کو امن معاہدے کی پاسداری کرنے کا موقع دیا جائے گا، تاہم اگر حماس معاہدے کی پابندی میں ناکام رہی تو اسے ختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی افواج غزہ کے اندر براہِ راست لڑائی میں حصہ نہیں لیں گی، اور صرف اس صورت میں کارروائی کا راستہ اپنایا جائے گا جب کوئی واضح ضرورت ہو۔

صدر ٹرمپ نے حماس کے بارے میں کہا کہ وہ پرتشدد عناصر ہیں اور اس وقت ان کی طاقت میں کمی آئی ہے، اس لیے انہیں مذاکرات اور معاہدے کے ذریعے موقع دیا جانا چاہیے۔