محمد نعمان :
نئے وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے منصب سنھبالتے ہی سابق وزیر بلدیات سعید غنی کی ٹیم فارغ کرنی شروع کردی ہے۔ ناصر حسین شاہ کے احکامات پر ایم سی اور کے ڈی اے میں اکھاڑ پچھاڑ کے بعد نیو کراچی ٹاؤن ، ناظم آباد ٹاؤن اور صدر ٹاؤن کے میونسپل کمشنر بھی تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹاؤنز میں مزید تبدیلیوں کا امکان ہے۔ اسی طرح کے ڈی اے میں برسوں سے مخصوص پوسٹوں پر براجمان افسران کے خلاف بھی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر کے آخر میں سندھ کابینہ میں ردوبدل کی گئی تھی۔ اور وزیر بلدیات سعید غنی کی جگہ ناصر حسین شاہ کو لگایا گیا تھا۔ ناصر حسین شاہ کی تعیناتی کے بعد بلدیاتی محکموں میں ہلچل مچ گئی۔ نئے وزیر بلدیات کی تعیناتی ہوتے ہی کے ڈی اے ،کے ایم سی اور ٹاؤنز سمیت دیگر بلدیاتی اداروں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔ کے ڈی اے میں شعبہ ریکوری اور اسٹیٹ میں ڈائریکٹر تبدیل کیئے گئے ہیں۔ کے ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ میں بھی افسر تبدیل ہوئے۔ کے ایم سی شعبہ لینڈ میں تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔ کے ایم سی لینڈ ڈپارٹمنٹ میں بنا کوئی وجوہات ڈپٹی ڈائریکٹرز بھی عہدے سے ہٹا دیئے گئے ہیں۔
گزشتہ دنوں لوکل گورنمنٹ کے لیٹر نمبر SLGB/SCUG/AO/Admin/1(53)2025/2243 میں صدر ٹاؤن کے میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو کو عہدے سے ہٹایا گیا۔ لیٹر میں جواز بنایا گیا کہ آپ کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر بلدیات سعید غنی کو بھی مذکورہ میونسپل کمشنر کے خلاف شکایات درج کروائی گئی تھیں، لیکن ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تاہم وزیر بلدیات کی تبدیلی کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اسی طرح ناظم آباد ٹاؤن کے میونسپل کمشنر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ گزشتہ دنوں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینوں پر مشتمل وفد نے وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے ٹاؤنز چیئرمین نے میونسپل کمشنر اور دیگر افسران کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔
ناصر حسین شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن کے میونسپل کمشنر ایاز حمید کو عہدے سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ منور ملاح کو تعینات کیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات نے ٹاؤن چیئرمینز کے مسائل کے حل کے لیے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ٹینڈرز اور فنڈز کے سلسلے میں میونسپل کمشنرز، ٹائون چیئرمین سے لازمی مشاورت کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے وزیر بلدیات کی تعیناتی کے بعد بلدیاتی محکموں میں تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی ہیں۔ صدر ٹاؤن میں اب تک نئے میونسپل کمشنر کا انتخاب نہیں ہوا ہے، جبکہ نیو کراچی ٹاؤن میں جو میونسپل کمشنر تعینات کیے گئے ہیں وہ اس سے قبل حیدر آباد میں تعینات تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ناصر حسین شاہ کی تعیناتی کے بعد کے ڈی اے اور کے ایم سی سمیت دیگر بلدیاتی اداروں میں مزید افسران تبدیل ہوںگے۔ اس حوالے سے کے ڈی اے میں ایسے افسران کی چھان بین شروع ہوگئی ہے جو کئی سال سے ایک ہی عہدے پر براجمان ہیں، او زیڈ ٹی کی رقم کس ٹاؤن کو کتنی فراہم کی جاتی ہے اس پر بھی تحقیقات چل رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے وزیر بلدیات جو ٹیم میدان میں اتار رہے ہیں وہ فنڈز اور ٹاؤنز، کے ایم سی اور کے ڈی اے سمیت دیگر بلدیاتی اداروں میں ہونے والی کرپشن پر بھی نظر رکھے گی جس کے بعد بڑی کارروائیوں کا امکان ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos