آزاد کشمیر میں تبدیلی کی ہوا تیز۔حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی سرگرم

اسلام آباد (نمائندہ امت)آزاد کشمیر میں حکومتی سیٹ اپ کی تبدیلی کا امکان بڑھ گیا ہے۔عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد پیدا شدہ حالات میں آزاد کشمیرکی سیاست میں ایک بار پھر وزیرِاعظم کی تبدیلی کی بحث زور پکڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے اکیس سے بائیس ارکان نے نئے سیٹ اپ کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ22 اکتوبر کی رات اسلام آباد کے زرداری ہاؤس میں چائے کی پیالی کے گرد جمع ہونے والے چند اہم رہنما آئندہ سیاسی منظرنامہ طے کریں گے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی بدلتے حالات کو محسوس کرتے ہوئے ’’چادر جھاڑ لی‘‘ ہے۔ اب تمام نظریں اس سیاسی تصویر پر جمی ہیں جو فیصلے کے بعد سامنے آئے گی، اور یہی تصویر آئندہ وزیراعظم کے چہرے کا تعین کرے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ طاقتور حلقوں کے حمایت یافتہ وزیراعظم ازاد کشمیر چوہدری انمار الحق کی سیاسی پوزیشن دن بدن کمزور ہوتی جا رہی ہے بالخصوص ماجرین کی نشستوں پر منتخب ہونے والے وزراء کے استعفوں کے بعد وزیر اطلاعات پیر مظہر سمیت وزیراعظم کے دو قریبی رفقاء کے اسطتعفوں نے ان کے لیے مشکل صورتحال پیدا کر دی ہے۔