علیمہ خان کے خلاف چوتھی بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے خلاف چوتھی بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کے ایک لاکھ روپے کے مچلکے بھی ضبط کر لیے۔ کیس کے دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ علیمہ خان پیش نہیں ہوئیں۔

عدالت نے علیمہ خان سے مطالبہ کیا کہ وہ 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے اور ضامن پیش کریں۔ عدالت نے حملے میں استعمال ہونے والی 4 گاڑیوں کے 85 لاکھ روپے کے مچلکے بھی ضبط کر لیے اور گاڑیوں کے مالکان کو 24 اکتوبر کو عدالت میں طلب کیا۔

مزید برآں، عدالت نے ایس پی راول محمد سعد اور ڈی ایس پی وارث خان رانا نعیم کو شوکاز نوٹس جاری کیے اور کہا کہ پولیس نے عدالت کو غلط رپورٹ دی، جبکہ علیمہ خان گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے دیکھی گئی تھیں۔ دونوں افسران کو 24 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔