ٹرمپ اور چینی صدر کی ملاقات آئندہ ہفتے متوقع، تجارتی تعلقات پر گفتگو کا امکان

امریکی اور چینی صدور کے درمیان آئندہ ہفتے اہم ملاقات کا امکان ہے جس میں دو طرفہ تجارتی تعلقات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔

امریکی حکام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملاقات کے دوران چین کے حالیہ معاشی اقدامات پر تشویش کا اظہار کریں گے۔ رپورٹوں کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں چین کے کچھ معاشی اقدامات نے واشنگٹن کو پریشان کیا ہے۔

دوسری جانب چینی سفارتخانے نے امریکی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا تجارت کے حوالے سے غلط طرزِ عمل ترک کرے اور تعلقات کو بگاڑنے سے گریز کرے۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ بیجنگ شفاف اور منصفانہ تجارتی اصولوں پر یقین رکھتا ہے اور واشنگٹن کے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں متوقع ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔