یوکرین،اووروچ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکہ،4 افراد ہلاک

یوکرین کے شمالی شہر اووروچ کے ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

یوکرین کی بارڈر گارڈ سروس کے مطابق حملہ آور نے تلاشی کے دوران دستی بم یا بارودی مواد میں دھماکہ کیا جو اس نے جسم سے باندھ رکھا تھا۔

دھماکے میں حملہ آور خود بھی شدید زخمی ہوا اور اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ حکام کے مطابق 23 سالہ حملہ آور خارکیف کا رہائشی تھا۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ حملہ آور کو کچھ عرصہ قبل بیلاروس کی سرحد پار کرنے کی کوشش پر حراست میں لیا گیا تھا۔ وہ مبینہ طور پر فوج میں لازمی بھرتی سے بچنے کے لیے ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔

دھماکے میں تین خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ زخمیوں میں سے سات کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
یوکرینی حکام نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال اس دھماکے کا روس یوکرین جنگ سے براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوا۔