وزیراعظم کا سی پیک سے علاقائی ترقی اور معاشی روابط بڑھانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے معاشی و تجارتی روابط کو فروغ دینا ناگزیر ہے، جبکہ دیگر ممالک کو بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔

ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک خطے میں اقتصادی تبدیلی کا باعث بن رہا ہے۔ گوادر کو چین کے صوبے شنگیانگ سے منسلک کرنے سے ترقی اور توانائی کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعاون تمام شراکت داروں کے لیے نفع بخش ثابت ہوگا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت دے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ علاقائی روابط میں اضافہ معاشی و تجارتی میدان میں انقلاب برپا کرے گا۔ اس دور میں روابط صرف زمینی یا فضائی راستوں تک محدود نہیں بلکہ ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری بھی ناگزیر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے تاکہ چوتھے صنعتی انقلاب کے مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔