وینزویلا پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔صدر وینزویلا

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے خبردار کیا ہے کہ امریکا ایک نئی جنگ شروع کرنا چاہتا ہے، لیکن وہ کسی بھی جنگ کو ہونے نہیں دیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، مادورو نے امریکا کے طیارہ بردار بحری جہاز کو کیریبین بھیجنے کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسی دوران کولمبین صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے منشیات کی غیرقانونی سرگرمیوں کے الزام میں ان پر پابندیاں عائد کی ہیں، لیکن وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کبھی گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی پابندیوں کے تحت صدر پیٹرو کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں اور امریکی شہری ان کے ساتھ کسی بھی مالی لین دین سے روک دیے گئے ہیں۔