بھارتی میڈیا کی پروپیگنڈا کارروائی بے نقاب

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی میڈیا کے خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے مذموم ہتھکنڈوں کو بے نقاب کر دیا۔

وفاقی وزارت نے بتایا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ، افواہوں اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے خطے میں نفرت اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ خصوصاً این ڈی ٹی وی اور ریپبلک نیوز انڈیا فتنہ الخوارج کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

این ڈی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ 8 اکتوبر کو کرم میں فتنہ الخوارج نے پاک فوج کے 22 جوان شہید کیے، لیکن آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ کارروائی ضلع اورکزئی میں ہوئی، کرم میں نہیں۔ اس آپریشن میں 11 فوجی شہید ہوئے جبکہ 19 خوارج ہلاک ہوئے۔

اسی طرح ریپبلک نیوز انڈیا نے دعویٰ کیا کہ 24 گھنٹوں میں پاک فوج پر 16 حملے ہوئے، جبکہ حقیقت میں انٹیلی جنس آپریشنز میں صرف 5 خوارج ہلاک ہوئے۔

وزارت نے خبردار کیا کہ بھارتی میڈیا کی گمراہ کن رپورٹنگ خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس انتشار انگیز رویے کا نوٹس لے۔