آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی مصری صدر سے قاہرہ میں ملاقات

قاہرہ ،چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI(M), HJ نے قاہرہ میں اتحادیہ صدارتی محل میں عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ دوستی کے تاریخی روابط پر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے علاقائی امن و استحکام میں مصری قیادت کے مؤثر اور متوازن کردار کو سراہا، جبکہ صدر السیسی نے عالمی سطح اور امتِ مسلمہ کے معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو دفاعی، معاشی، سائنسی و تکنیکی اور سماجی شعبوں میں مزید وسعت دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی عوامی روابط اور سٹریٹجک رابطہ کاری کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہپاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اقتصادی و سیکیورٹی مکالمہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

میٹنگ خوشگوار اور گرمجوش ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔