پی پی کا اہم اجلاس،آزاد کشمیر اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

اسلام آباد  ، پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پی پی پی آزاد جموں و کشمیر پارلیمانی گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی کے مرکزی و علاقائی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فریال تالپور، سردار قمر زمان، چودھری محمد ریاض اور سردار تنویر الیاس خان خصوصی مدعوین کے طور پر شریک ہوئے۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتِ حال، عوامی مسائل اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
شرکاء نے چیئرمین بلاول بھٹو کو خطے کی سیاسی صورتحال پر اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

اجلاس میں راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، چودھری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، چودھری لطیف اکبر، سردار جاوید ایوب اور سردار محمد یعقوب خان سمیت پارٹی کے دیگر اہم رہنما بھی شریک تھے۔

مزید برآں، اجلاس میں طے پایا کہ آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی یا نئی حکومت کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کریں گے، جو آزاد کشمیر کے ممکنہ نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان بھی خود کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں اہم کردار ادا کرنے کی حکمتِ عملی تیار کر لی ہے، جس کا مقصد عوامی مفادات کے تحفظ اور سیاسی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔