پاکستان،قازقستان کی مشترکہ مشق”دوستریم V”اختتام پذیر

 

راولپنڈی،  پاکستان اور قازقستان کی افواج کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے مشترکہ فوجی مشق "دوستریم V” کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتے طویل یہ مشق 14 اکتوبر 2025 کو شروع ہوئی تھی، جس میں دونوں ممالک کے خصوصی دستوں نے حصہ لیا۔

پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (SSG) اور قازقستان اسپیشل فورسز کی ٹیموں نے مختلف جنگی سرگرمیوں اور عملی مشقوں میں حصہ لیتے ہوئے غیر معمولی مہارت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول چراٹ تھے، جبکہ قازقستان کے سفیر اور دفاعی اتاشی نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔

اس مشترکہ فوجی مشق کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں، طریقہ کار اور تکنیکی تعاون کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ مشق نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق، دوستریم V مشق نے دونوں افواج کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے، جدید حربی مہارتوں کو فروغ دینے اور علاقائی سلامتی میں باہمی تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔