غزہ: اسرائیل کی جانب سے امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں، تازہ حملوں میں مزید 6 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہفتے کی صبح سے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی افواج کی فائرنگ اور فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ امن معاہدے کے بعد سے اب تک 93 فلسطینی شہید جبکہ 320 زخمی ہوچکے ہیں۔ مجموعی طور پر اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 68 ہزار 519 اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 382 تک پہنچ گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں کم از کم 15 لاکھ افراد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ بے گھر فلسطینی اپنے تباہ شدہ گھروں کو لوٹنے پر صرف ملبے کے ڈھیر پاتے ہیں اور خوراک، پانی اور طبی سہولیات کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں بھی صورتحال کشیدہ ہے، جہاں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی گھروں، بستیوں اور زرعی اراضی پر حملے کیے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos