ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے

بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں 74 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر کوہلی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

کوہلی نے سابق سری لنکن کپتان کمارا سنگاکارا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ سنگ میل عبور کیا۔ وہ اب تک 305 میچوں میں 57.71 کی اوسط سے 14 ہزار 255 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 51 سنچریاں اور 75 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

کمارا سنگاکارا اب فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 404 میچوں میں 14 ہزار 234 رنز اسکور کیے تھے۔

واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ سابق بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 463 میچوں میں 18 ہزار 426 رنز بنائے تھے، جن میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ویرات کوہلی کی اس شاندار کامیابی پر بھارتی شائقینِ کرکٹ سمیت دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں نے مبارک باد دی ہے۔