پی سی بی کا ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ کو نیا کنٹریکٹ نہ دینے کا اصولی فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کو نیا کنٹریکٹ نہ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 2024 میں ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے والے محمد وسیم کی کارکردگی بورڈ کے معیار پر پوری نہ اُتر سکی۔ پی سی بی کے مطابق ٹیم کی کارکردگی مسلسل تنزلی کا شکار رہی اور عالمی سطح پر کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہ کی جا سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کی مکمل سپورٹ کے باوجود محمد وسیم نتائج دینے میں ناکام رہے، ٹیم ویمن ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ نہ جیت سکی۔ کوچنگ کے دوران کھلاڑیوں کی تربیت اور ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہتری نہ آ سکی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ محمد وسیم کا رویہ اکھڑ مزاج تھا اور ان کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سے اختلافات بھی سامنے آئے۔ بیٹنگ کوچ اور بولنگ کوچ کے ساتھ بھی تعلقات مثالی نہ رہے۔

ذرائع کے مطابق نئے ہیڈ کوچ کی تقرری اگلے ہفتے متوقع ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا اور بھارت میں جاری ویمن ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم 7 میں سے ایک بھی میچ نہ جیت سکی، 4 میچز میں شکست اور 3 بارش کے باعث بغیر نتیجے کے ختم ہوئے۔