پنجاب میں فضائی آلودگی میں اضافہ،کھلی فضا میں سانس لینا خطرناک قرار
پنجاب میں فضائی آلودگی میں اضافہ،کھلی فضا میں سانس لینا خطرناک قرار

پنجاب میں فضائی آلودگی میں اضافہ،کھلی فضا میں سانس لینا خطرناک قرار

لاہور سمیت پنجاب کے وسطی علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے باعث کھلی فضا میں سانس لینا شہریوں کی صحت کے لیے نقصان دہ بن گیا ہے۔

ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے علاقے راوی روڈ میں صبح کے وقت ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 810 تک جا پہنچا، جبکہ شہر کا مجموعی اوسط 367 ریکارڈ کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں AQI 627 اور فیصل آباد میں 434 تک پہنچ گیا۔

ماہرینِ ماحولیات نے شہریوں کو باہر نکلتے وقت ماسک کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق اسموگ میں اضافے کی بڑی وجہ کم ہوا کا دباؤ، نمی میں اضافہ اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہوا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ لاہور، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے علاقے اسموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

ترجمان کے مطابق رات اور صبح کے اوقات میں فضا میں نمی کی شرح 95 سے 100 فیصد تک پہنچنے سے آلودگی کے ذرات زمین کے قریب جمع ہو رہے ہیں، جس سے فضا مزید بوجھل ہو گئی ہے۔

محکمہ ماحولیات نے زرعی علاقوں میں منجی جلانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے مساجد اور دیہات میں آگاہی مہم تیز کر دی ہے۔

لاہور میں زیادہ آلودہ علاقوں میں اسموگ گنز کے ذریعے مصنوعی بارش کا عمل جاری ہے، حکام کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں فضائی آلودگی کی شدت میں کچھ کمی متوقع ہے۔