دہشتگرد ظاہر کرنے کی کوشش ناکام، ممدانی امن و رواداری کی علامت بن گئے

نیویارک کی میئرشپ کے مسلمان امیدوار ظہران ممدانی کا کہنا ہے کہ اُن کے مخالفین نے انہیں دہشتگرد کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ نفرت کے مقابلے میں اتحاد اور یکجہتی کا پیغام لے کر میدان میں ہیں۔

ابتدائی ووٹنگ کے آغاز سے قبل برونکس کی ایک مسجد کے باہر خطاب کرتے ہوئے ظہران ممدانی جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون (11 ستمبر) کے بعد امریکا میں مسلمانوں کے لیے حالات مشکل ہوگئے اور اُن کی خالہ نے بھی اُس واقعے کے بعد حجاب میں خود کو غیر محفوظ محسوس کرنا شروع کر دیا تھا۔

ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ نفرت اور تعصب کے بیانیے کا مقابلہ صرف محبت اور اتحاد کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی مسلمانوں اور تمام اقلیتوں کی آواز بننا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیویارک میں میئر کا انتخاب 4 نومبر کو ہوگا، تاہم ابتدائی ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ تازہ ترین سروے کے مطابق ظہران ممدانی کو 43 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے، جو انہیں انتخابی دوڑ میں نمایاں امیدوار بناتی ہے۔