امریکی بحریہ کے دو طیارے جنوبی بحیرہ چین میں دو الگ الگ واقعات میں گر کر تباہ ہو گئے۔ پیسیفک فلیٹ کے مطابق دونوں حادثات کے درمیان صرف 30 منٹ کا وقفہ تھا تاہم تمام اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
پہلا حادثہ دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا جب اسکواڈرن 73 سے منسلک ایم ایچ-60 آر سی ہاک ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا۔ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا۔
تقریباً نصف گھنٹے بعد ایف/اے-18 ایف سپر ہارنیٹ طیارہ بھی سمندر میں جا گرا، جس کے دونوں پائلٹوں نے بروقت ایجیکشن کر کے جان بچائی۔
پیسیفک فلیٹ کے مطابق دونوں طیارے ایئرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس نیمٹز سے معمول کی پروازوں پر تھے۔ تمام اہلکار محفوظ اور ہوش و حواس میں ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع نے معاملے پر تبصرہ بحریہ پر چھوڑ دیا ہے، جب کہ تفصیلی رپورٹ تاحال جاری نہیں کی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos