جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کو 78سال مکمل،یومِ سیاہ آج منایا جا رہا ہے

کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ یہ دن 27 اکتوبر 1947 کی اُس تاریخ کی یاد دلاتا ہے جب بھارتی فوجوں نے جموں و کشمیر میں داخل ہو کر علاقے پر قبضہ کیا تھا۔

جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو 78 سال مکمل ہونے پر پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت مختلف ممالک میں ریلیوں، اجتماعات اور یکجہتی واکس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک مرکزی یکجہتی واک منعقد ہوگی، جبکہ سڑکوں پر یومِ سیاہ کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

یومِ سیاہ کی تقریبات میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

اس موقع پر تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔