بھارتی مارشل آرٹس کھلاڑی روہنی کلم نے خودکشی کرلی

بھارت کی معروف بین الاقوامی مارشل آرٹس کھلاڑی اور کوچ روہنی کلم اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر خودکشی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

35 سالہ روہنی نے بھارت کی نمائندگی مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں کی تھی۔ ان کی لاش ریاست مدھیہ پردیش کے شہر دیواس میں واقع ان کے گھر سے ملی۔ اہل خانہ کے مطابق روہنی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

روہنی کی بہن روشنی کلم نے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے ملازمت کے دباؤ اور اسکول انتظامیہ کے رویے سے پریشان تھیں۔ وہ آشتہ کے ایک نجی اسکول میں مارشل آرٹس کوچ کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

روہنی نے 2007 میں مارشل آرٹس کا آغاز کیا اور 2015 میں پیشہ ورانہ جو جِتسو مقابلوں میں قدم رکھا۔ وہ بھارت کی جانب سے 19ویں ایشیائی کھیلوں اور ورلڈ گیمز برمنگھم میں شرکت کرنے والی واحد کھلاڑی تھیں۔

ان کے تمغوں میں 2022 کے تھائی لینڈ اوپن گراں پری میں 48 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اور 2024 میں ابوظہبی میں ہونے والی ایشیائی جو جِتسو چیمپئن شپ میں ایک اور کانسی کا تمغہ شامل ہے۔