بھارتی کھلاڑی شریاس ایئر کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں فیلڈنگ کے دوران شدید چوٹ لگنے کے بعد سڈنی کے اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (ICU) میں داخل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شریاس ایئر کی پسلیوں میں انجری ہوئی، جس کی وجہ سے اندرونی بلیڈنگ پیدا ہوئی۔ اسپتال کے ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو سنگین قرار دیا ہے اور انہیں دو سے سات دن تک مسلسل نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شریاس ایئر کی حالت مستحکم ہے لیکن انفیکشن کے خطرے کے پیش نظر مزید علاج اور طبی نگرانی ضروری ہے۔ ان کی صحت یابی کے بعد ہی ہوائی سفر کی اجازت دی جائے گی تاکہ وہ بھارت واپس جا سکیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے بھی تصدیق کی ہے کہ شریاس کی ٹیم میں غیر موجودگی کے دوران نائب کپتان کی ذمہ داریاں دیگر سینئر کھلاڑیوں کو سونپی جائیں گی۔ ٹیم کے سٹاف کا کہنا ہے کہ وہ ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ شریاس ایئر جلد سے جلد مکمل صحت یاب ہوں اور دوبارہ کھیل کے میدان میں واپس آئیں۔
مزید برآں، شریاس ایئر کے اہل خانہ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سڈنی میں موجود ہیں اور وہ اسپتال میں ان کے علاج کی نگرانی کر رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos