راولپنڈی ، پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر جناب محمد یونس اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں عالمی اور علاقائی سلامتی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون اور سیکورٹی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین جے سی ایس سی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا اور باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر انہیں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے ملٹری ٹو ملٹری مصروفیات اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر CJCSC نے سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس، سلہٹ کا دورہ بھی کیا اور فیکلٹی و طلباء سے بات چیت کی۔ بنگلہ دیش کی سول اور ملٹری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو سراہا۔
سینا کنجو پہنچنے پر CJCSC کو چاق و چوبند فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور شیکھا انیربن پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos