ایبٹ آباد: ایبٹ آباد یونیورسٹی میں انتظامیہ کے خلاف طلباء کے احتجاج کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں گاڑی طلباء پر چڑھنے سے پانچ طلباء شدید زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب احتجاج کے دوران کچھ طلباء کے درمیان تصادم کی صورتحال پیدا ہوئی۔ اسی دوران ایک گاڑی طلباء کے ہجوم میں داخل ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ گاڑی میں مبینہ طور پر ایک سیاسی جماعت سے وابستہ طلباء اور ایک مقامی رکنِ اسمبلی کے بیٹے موجود تھے۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ یہ واقعہ پولیس کی موجودگی میں پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، زخمی طلباء کا علاج اسپتال میں کیا جا رہا ہے، اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپس میں نظم و ضبط بحال رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos