فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکا کے دو لڑاکا طیارے بحیرہ جنوبی چین میں گر کر تباہ ، عملے کے ارکان محفوظ

واشنگٹن: بحیرہ جنوبی چین میں امریکی بحریہ کے دو طیارے مختلف حادثات میں تباہ ہوگئے۔ دونوں طیارے تربیتی مشقوں کے دوران طیارہ بردار بحری جہاز "یو ایس ایس نیمٹز” (CVN-68) کے آپریشنز کا حصہ تھے، جو امریکی بحری بیڑے کے سب سے بڑے طیارہ بردار جہازوں میں سے ایک ہے۔

ایجنسی کے مطابق پہلا حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک F/A-18E/F "سپر ہورنیٹ” لڑاکا طیارہ معمول کی مشقوں کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

چند گھنٹے بعد، اسی بحری جہاز کے فضائی وِنگ (CVW-17) سے وابستہ ایک MH-60 "سی ہاک” ہیلی کاپٹر بھی الگ حادثے میں گر گیا، جس کی وجوہات تا حال معلوم نہیں ہو سکیں۔

امریکی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ دونوں واقعات میں تمام ہوابازوں اور عملے کے ارکان کو بحری بیڑے کی امدادی ٹیموں نے بحفاظت نکال لیا، اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

بیان میں بتایا گیا کہ دونوں حادثات کی وجوہات جاننے کے لیے فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ فنی خرابی کا نتیجہ تھے یا علاقے کے موسمی حالات اس کے ذمہ دار تھے۔