ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت سرد رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور اطراف کے علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔
پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں اسموگ برقرار رہنے کی توقع ہے۔

اسی طرح سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں بھی فضائی آلودگی کے باعث حدِ نگاہ متاثر رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ سندھ کے جنوبی ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل خشک موسم کے باعث پنجاب کے مشرقی اضلاع سموگ کی لپیٹ میں رہیں گے، شہریوں کو ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔