میونسپل ٹیکس وصولی کیس، سندھ ہائیکورٹ میں بڑا انکشاف

کراچی میں بجلی کے بلوں کے ذریعے میونسپل ٹیکس کی وصولی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران درخواست گزار نے انکشاف کیا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اب تک شہریوں سے 2 ارب 64 کروڑ روپے جمع کر چکی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بجلی کے بلوں میں شامل ٹیکسز سے جمع ہونے والی رقم لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، کیونکہ قانون کے مطابق صرف سرکاری ادارے ہی ریونیو وصول کرنے کے مجاز ہیں، کوئی تیسرا فریق ایسا نہیں کر سکتا۔

وکیل نے مزید کہا کہ ایم یو سی ٹی چارجز کا نفاذ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2013 کے برخلاف ہے جبکہ نیپرا بھی کے الیکٹرک کے ذریعے کے ایم سی ٹیکس کی وصولی کو غیرقانونی قرار دے چکا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب عدالت کے 29 مئی 2024 کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل کی عدم موجودگی پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔