جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی20 میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی

 

راولپنڈی: تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 194 رنز بنائے۔ ریزا ہینڈرکس نے 60، جارج لینڈے نے 36 اور ڈی زورزی نے 33 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 اور صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر 139 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ صائم ایوب 37، محمد نواز 36 اور صاحبزادہ فرحان 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ بابر اعظم صفر، کپتان سلمان علی آغا 2، عثمان خان 12، حسن نواز 3، فہیم اشرف 1 اور شاہین آفریدی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کاربن بوش نے 4، جارج لینڈے نے 3 اور لیزاڈ ولیمز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی فائنل الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسن نواز، سلمان علی آغا، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل تھے۔

یہ میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم کے تحت کھیلایا گیا، جس میں پاکستانی ٹیم نے گلابی رنگ کی خصوصی کٹ پہنی، جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اور میچ آفیشلز گلابی ربن پہن کر میدان میں اترے۔