سعودی عرب میں دنیا کا پہلا ’اسکائی اسٹیڈیم‘ تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار

 

ریاض: سعودی عرب نے مستقبل کے شہر نیوم میں دنیا کا پہلا ’اسکائی اسٹیڈیم‘ تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جو جدید انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کا شاہکار قرار دیا جا رہا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق، یہ منفرد اسٹیڈیم 350 میٹر کی بلندی پر بنایا جائے گا اور اسے 2032 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہاں 2034 کے فیفا ورلڈکپ کے چند میچز بھی کھیلے جا سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، اس جدید اسٹیڈیم میں 46 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ اس کا ڈیزائن نیوم کے مستقبل پر مبنی جدید طرزِ تعمیر کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس منصوبے کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں اسٹیڈیم کو آسمان سے جھولتے ہوئے ایک شاندار آرکیٹیکچرل ڈھانچے کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد مملکت کو جدید ٹیکنالوجی، سیاحت اور کھیلوں کے عالمی مرکز کے طور پر ابھارنا ہے۔