دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے،ترک سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں ترکی کے سفیر عرفان نذیر اوگلو نے کہا ہے کہ ترکی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

پاک-ترکی فرینڈ شپ ویک کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات بہت پرانے اور مضبوط ہیں، اور ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

عرفان نذیر اوگلو نے مزید کہا کہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم برقرار ہے اور دونوں ممالک معیشت، تجارت، سیاحت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔