سمندری طوفان ملیسا سے کیوبا اور جمیکا میں تباہی،30 افراد جان سے گئے

 

کیریبین کے جزائر میں تباہ کن سمندری طوفان ’ملیسا‘ نے ہولناک تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ملیسا کیٹگری تھری میں داخل ہوچکا ہے اور اب بہاماس کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ہیٹی میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا جہاں 25 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ جمیکا میں 4 اور ڈومینیکا میں ایک شخص کی موت کی اطلاع ہے۔

حکام کے مطابق کیوبا میں تقریباً 7 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث متعدد علاقے زیرِ آب آگئے، بجلی کی فراہمی معطل ہے اور کئی اہم سڑکیں بند ہیں۔

جمیکا میں طوفان کے نتیجے میں سینٹ الزبتھ کا علاقہ شدید متاثر ہوا جہاں 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔ تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں اور زمین کھسکنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جبکہ ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

بہاماس کے جنوبی علاقوں میں حکام نے ہنگامی انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور امدادی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔