مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر دستخط کر دیے ہیں، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تحریک آج اسمبلی میں جمع کرا دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے استعفے پر مشروط رضامندی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اپنے حامی وزراء اور اراکین اسمبلی کے لیے ترقیاتی فنڈز اور جاری منصوبوں کی یقین دہانی کا مطالبہ کیا ہے۔
تحریک عدم اعتماد کے بعد مسلم لیگ (ن) کے وزراء اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے کر اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے تاحال وزارتِ عظمیٰ کے لیے کسی امیدوار کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ تاہم پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری یاسین اور چوہدری لطیف اکبر کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آصف علی زرداری کا خصوصی ایلچی نئے وزیراعظم کے نام کا سیل بند خط لے کر مظفرآباد پہنچے گا۔ تحریک جمع کرانے سے قبل نئے قائد ایوان کا نام اس میں شامل کیا جائے گا، کیونکہ آئینی ضابطے کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد کے ساتھ نئے قائدِ ایوان کا نام درج کرنا لازم ہوتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos