اسلام آباد: ملک میں سولر توانائی کے بڑھتے استعمال کے باعث دن کے اوقات میں بجلی کی کھپت میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے، جو 6 ہزار میگاواٹ تک گر چکی ہے۔
نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) کے حکام کے مطابق بعض اوقات دن میں بجلی کی مجموعی کھپت 15 ہزار میگاواٹ سے بھی کم رہ جاتی ہے، جبکہ رات کے وقت یہ طلب بڑھ کر 21 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر جاتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ دن میں سولر توانائی سے زیادہ بجلی پیدا ہونے کے باعث روایتی پاور پلانٹس کی پیداوار کم ہو جاتی ہے، تاہم رات کے وقت اچانک طلب بڑھنے پر پلانٹس کو فوری طور پر چلانا یا بند کرنا ممکن نہیں ہوتا، جس سے سسٹم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
نیپرا کے حالیہ اجلاس میں یہ انکشاف کیا گیا کہ سولرائزیشن کے اثرات کے باعث صرف ایک دن میں 6 ہزار میگاواٹ تک کا فرق ریکارڈ کیا گیا۔
توانائی حکام کے مطابق بجلی کے نرخوں میں اضافے سے صنعتی صارفین کی کھپت میں بھی کمی آئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس کمی کو کم کرنے کے لیے صنعتی شعبے کے لیے خصوصی رعایتی پیکیجز دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تاکہ کاروباری سرگرمیاں اور بجلی کی طلب دونوں میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos